جمعرات 12 نومبر 2026 - 17:19
یومِ محسنؑ؛ مظلوم بچوں کے لئے آنسو، محسنِ زہراؑ کے لئے خاموشی کیوں؟

حوزہ/ یومِ اطفال اور یومِ محسنؑ کے تقابلی تناظر میں مولانا سید علی ہاشم عابدی نے اپنے اس مضمون میں حضرت محسن ابن علیؑ کی مظلومیت، تاریخ کے اس حساس باب پر علمی تحقیق کی ضرورت اور اہلِ بیتؑ کے مصائب کے حوالے سے پائی جانے والی خاموشی پر سوال اٹھایا ہے۔ صاحبِ تحریر نے واضح کیا ہے کہ اس مضمون کے مطالعے سے قارئین کو نہ صرف حضرت محسنؑ کی مظلومیت کے تاریخی و اعتقادی پہلوؤں سے آگاہی حاصل ہوگی بلکہ مظلوم بچوں کے حقوق کے تحفظ، تاریخی انصاف اور اس موضوع کو علمی و تحقیقی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے ہماری ذمہ داریوں پر غور کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

تحریر: مولانا سید علی ہاشم عابدی

حوزہ نیوز ایجنسی | دنیا کے ہر مظلوم بچے کے لئے آواز بلند ہوتی ہے، ہر بے گناہ کی موت پر احتجاج کیا جاتا ہے، انسانیت کے نام پر آنسو بہائے جاتے ہیں؛ لیکن تاریخِ اسلام کے ایک مظلوم معصوم، محسن ابن علی علیہ السلام کی مظلومیت پر عالمی ضمیر خاموش کیوں ہے؟

ہر سال اقوام متحدہ کی جانب سے 20 نومبر کو اور ہندوستان میں 14 نومبر کو یومِ اطفال منایا جاتا ہے۔ اس دن بچوں کے حقوق، تعلیم، صحت، تحفظ اور روشن مستقبل کے لئے عہد کیا جاتا ہے۔ دنیا کے مختلف خطوں میں جنگوں کے نتیجے میں بچوں کی ہلاکت، بھوک، بے گھری اور بنیادی حقوق کی پامالی پر انسانی حقوق کی تنظیمیں، ذرائع ابلاغ، دانشور اور عام شہری آواز اٹھاتے ہیں۔ عالمی استعمار کے ظلم و ستم اور بربریت کے شکار بچوں کی چیخیں عالمی ذرائع ابلاغ میں گونجتی ہیں، بے گناہوں کی بے بسی پر احتجاج ہوتا ہے، شمعیں روشن کی جاتی ہیں اور انسانیت کے نام پر آنسو بہائے جاتے ہیں۔ یہ سب ایک قابلِ قدر انسانی جذبہ ہے، لیکن یومِ اطفال کے موقع پر تاریخ کا ایک سوال بھی ہمارے سامنے ہے: "اگر دنیا کے ہر مظلوم بچے کا درد انسانیت کو بے چین کرتا ہے تو محسن ابن علی علیہ السلام کی مظلومیت پر یہ بے چینی کہاں ہے؟ اگر بچوں کے حقوق کے لئے پوری دنیا احتجاج کر سکتی ہے تو رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ کے نواسے، علی و فاطمہ سلام اللہ علیہما کے فرزند حضرت محسن علیہ السلام کی مظلومیت کو یاد کرنے اور اس پر سوال اٹھانے سے گریز کیوں؟

کیا مظلومیت کا تعلق کسی خاص قوم، نسل، مذہب یا مسلک سے ہے؟ کیا کسی بچے کا درد اس لئے کم ہو جاتا ہے کہ اس کی داستان تاریخ کے ایک حساس باب سے تعلق رکھتی ہے؟ کیا انسانی حقوق کا عالمی تصور صرف ان مظلوموں کے لئے ہے جن کا ذکر دنیا کے موجودہ بیانیے میں جگہ پا جائے؟ اور کیا عالمِ اسلام کی ذمہ داری نہیں کہ وہ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اہلِ بیت علیہم السلام سے متعلق تاریخی واقعات کو تعصب اور مصلحت کے بجائے تحقیق، انصاف اور دیانت کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کرے؟

حضرت محسن علیہ السلام، امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فرزند اور امام حسن علیہ السّلام و امام حسین علیہ السلام کے بھائی تھے۔ تاریخی روایت کے مطابق رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شہادت کے بعد پیش آنے والے واقعات میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے گھر پر حملہ، آپؑ کو پہنچنے والی اذیت اور اس کے نتیجے میں حضرت محسن علیہ السلام کے سقط ہونے کا واقعہ بھی شامل ہے۔ یہ واقعہ تمام کتب تاریخ میں مرقوم ہے، خاص طور سے شیعہ مکتبِ فکر میں یہ واقعہ مظلومیتِ اہلِ بیت علیہم السلام کے اہم ترین ابواب میں شمار ہوتا ہے۔

شیخ مفید رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے اپنی کتاب الارشاد میں حضرت محسن علیہ السلام کے سقط ہونے کا ذکر کیا ہے۔ شیخ صدوق رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی بعض روایات اور بعد کے شیعہ مؤرخین و محدثین کی کتب میں بھی اس واقعے کی تفصیلات نقل ہوئی ہیں۔ علامہ مجلسی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے بحار الانوار میں متعلقہ روایات جمع کی ہیں۔

لیکن سوال صرف تاریخ کا نہیں، ضمیر کا بھی ہے۔ اگر کسی واقعہ کے بارے میں اختلاف ہے تو اس پر گفتگو کیجیے، تحقیق کیجیے، دلائل پیش کیجیے؛ مگر کیا اختلاف کی بنیاد پر ایک تاریخی مظلومیت کو اجتماعی حافظے سے دور رکھا جا سکتا ہے؟ کیا خاموشی علمی دیانت کا متبادل ہو سکتی ہے؟ کیا کسی واقعے کو صرف اس لیے نظرانداز کر دیا جائے کہ اس پر گفتگو سے بعض تاریخی تصورات اور مسلکی حساسیتیں زیرِ بحث آ سکتی ہیں؟

یہ سوالات کسی مسلمان کے خلاف نفرت پھیلانے کے لئے نہیں، بلکہ علمی انصاف اور تاریخی دیانت کا مطالبہ ہیں۔ اہلِ بیت علیہم السلام کی محبت کسی مسلک کی اجارہ داری نہیں، اور ان کے تاریخی حالات کا مطالعہ کسی فرقہ وارانہ تعصب کا نام نہیں۔ رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا تقاضا ہے کہ ان کے اہلِ بیت علیہم السلام کے مقام، حقوق اور مصائب کو سنجیدگی سے سمجھا جائے۔

دنیا آج بچوں کے تحفظ کے لئے قوانین بناتی ہے، عالمی معاہدے کرتی ہے اور انسانی حقوق کے منشور مرتب کرتی ہے۔ بچوں کے خلاف تشدد کو جرم قرار دیا جاتا ہے اور ان کی جان و عزت کے تحفظ کو انسانی ذمہ داری سمجھا جاتا ہے۔ تو پھر حضرت محسن علیہ السلام کے ذکر پر خاموشی کیوں؟ کیا انسانی ہمدردی کا معیار یہ ہونا چاہیے کہ مظلوم کا تعلق کس مذہب یا مسلک سے ہے؟ اگر کسی بچے پر ظلم ہو تو اس کے دفاع میں آواز اٹھانا انسانیت ہے، تو تاریخ کے ایک مظلوم معصوم کے بارے میں تحقیق اور اس کی داستان بیان کرنا بھی انصاف کا تقاضا ہے۔

ذرا اس گھرانے کی عظمت کو یاد کیجیے جہاں رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تشریف لاتے تھے؛ جہاں فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا رہتی تھیں، جن کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: فاطمة بضعة مني؛ جہاں علی علیہ السلام کی شجاعت، حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی حلم و بردباری اور حسین علیہ السلام کی عظمت کے آثار موجود تھے۔ اسی گھرانے کے ایک معصوم فرزند کی داستان آج بھی اہلِ محبت کے دلوں میں ایک دردناک یاد بن کر زندہ ہے۔

قرآن مجید نے اہلِ بیت علیہم السلام کی طہارت کا اعلان کیا: "إِنَّمَا يُرِيدُ اللَّهُ لِيُذْهِبَ عَنكُمُ الرِّجْسَ أَهْلَ الْبَيْتِ وَيُطَهِّرَكُمْ تَطْهِيرًا (احزاب: 33)۔ رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رسالت کا اجر مودّتِ قربیٰ قرار دیا گیا: "قُل لَّا أَسْأَلُكُمْ عَلَيْهِ أَجْرًا إِلَّا الْمَوَدَّةَ فِي الْقُرْبَىٰ" (شوریٰ: 23)۔ پھر کیا یہ ممکن ہے کہ امت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کا دعویٰ کرے، اہلِ بیت علیہم السلام کی عظمت کے نعرے لگائے، مگر ان کے مصائب اور مظلومیت کے تاریخی ابواب سے بے اعتنائی برتے؟

حضرت محسن علیہ السلام کا نام آتا ہے تو ایک ماں کی محرومی کا تصور دل کو زخمی کر دیتا ہے۔ وہ ماں جسے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی جان کا حصہ قرار دیا، جس کی محبت اور عظمت کو امت کے سامنے بیان فرمایا، اس کی زندگی کے آخری ایام کی مظلومیت شیعہ وجدان میں ایک ایسا نوحہ ہے جس کی بازگشت آج بھی سنائی دیتی ہے۔

سلام ہو اس محسنؑ پر جس کی زندگی کا چراغ دنیا میں طلوع ہونے سے پہلے ہی بجھا دیا گیا؛ سلام ہو اس ماں پر جس کے دامن میں ایک معصوم فرزند کی جدائی کا غم بھی شامل ہوا؛ اور سلام ہو اس گھرانے پر جس کی مظلومیت تاریخ کے صفحات میں آج بھی اہلِ وفا کو رلاتی ہے۔

حضرت محسن علیہ السلام کی یاد میں آنسو بہانا محبت ہے، مجالس منعقد کرنا وفا ہے، مرثیہ و نوحہ پڑھنا عقیدت ہے؛ لیکن اس سے آگے بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ ہمیں اس تاریخی موضوع پر سنجیدہ تحقیق کرنی چاہیے، مستند مآخذ کو عام کرنا چاہیے، نئی نسل کو اہلِ بیت علیہم السلام کی تاریخ سے واقف کرانا چاہیے اور اختلافی موضوعات پر علمی مکالمے کا ماحول پیدا کرنا چاہیے۔

عالمِ اسلام کے علماء، محققین، خطباء، یونیورسٹیز، دینی اداروں اور ذرائع ابلاغ سے سوال ہے کہ کیا حضرت محسن علیہ السلام کی مظلومیت پر علمی سیمینار، تحقیقی مقالات، تاریخی دستاویزات اور بین الاقوامی مکالمے کی ضرورت نہیں؟ کیا اس واقعے کو صرف مخصوص مجالس اور مخصوص حلقوں تک محدود رہنا چاہیے؟ کیا دنیا کو اہلِ بیت علیہم السلام کی تاریخ کے اس باب سے واقف کرانا ہماری ذمہ داری نہیں؟

ہم کسی سے یہ مطالبہ نہیں کرتے کہ وہ تحقیق کے بغیر کسی تاریخی روایت کو قبول کرے؛ ہمارا مطالبہ صرف یہ ہے کہ تحقیق سے فرار اختیار نہ کیا جائے، سوال کو دبایا نہ جائے اور اختلاف کو خاموشی کا پردہ نہ بنایا جائے۔

آج دنیا میں کہیں کوئی بچہ ملبے میں اپنے والدین کو تلاش کر رہا ہے، کہیں یتیم بچہ بھوک سے بلک رہا ہے، کہیں جنگ نے بچوں سے ان کا گھر، اسکول اور بچپن چھین لیا ہے۔ ان سب کے لئے آواز اٹھانا ضروری ہے۔ لیکن انسانی ہمدردی کا دائرہ تاریخ کے مظلوموں تک بھی پھیلنا چاہیے۔

حضرت محسن علیہ السلام کی مظلومیت کو یاد کرنا دنیا کے کسی بھی مظلوم بچے کے درد سے بے اعتنائی نہیں؛ بلکہ یہ اس اصول کا اعلان ہے کہ ظلم کسی زمانے میں ہو، کسی سرزمین پر ہو اور کسی مظلوم پر ہو، اس کے خلاف آواز اٹھانا ضروری ہے۔ مظلومیت کا کوئی فرقہ نہیں ہوتا اور انصاف کا تقاضا ہے کہ کسی مظلوم کی داستان کو محض اختلاف یا عدمِ توجہ کی وجہ سے فراموش نہ ہونے دیا جائے۔

یومِ اطفال ہمیں صرف بچوں کی خوشیوں کا جشن منانے کی دعوت نہیں دیتا، بلکہ ان کے آنسو پونچھنے، ان کی جان بچانے اور ان کے حقوق کی حفاظت کا عہد بھی یاد دلاتا ہے۔ اسی طرح یومِ محسن علیہ السلام ہمیں تاریخ کے ایک مظلوم معصوم کی یاد کے ساتھ ہر دور کے مظلوم بچوں کے دفاع کا درس دیتا ہے۔

حضرت محسن علیہ السلام کی یاد میں مجالسِ عزا اور سوگواری کا ایک اہم تقاضا یہ بھی ہے کہ ہم اپنے معاشرے کے بچوں کی خبرگیری کریں۔ یتیموں کی کفالت، غریب بچوں کی تعلیم، بیمار بچوں کے علاج، بچیوں کے تحفظ، بچوں سے مشقت کے خاتمے اور تشدد سے پاک گھریلو و تعلیمی ماحول کے قیام کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ اگر ہم مظلوم بچے کی یاد مناتے ہیں تو ہر مظلوم بچے کے درد کو محسوس کرنا بھی ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔

اے دنیا کے انسانی حقوق کے علم بردارو! تمہاری آواز ہر مظلوم بچے کے لئے بلند ہو، یہ ہماری خواہش بھی ہے اور ہمارا مطالبہ بھی؛ لیکن کیا تم تاریخ کے اس مظلوم معصوم کو بھی جاننے کی کوشش کرو گے جس کا نام محسن ابن علیؑ ہے؟

اے عالمِ اسلام کے دانش ورو! اگر اہلِ بیت علیہم السلام کی محبت ہمارے ایمان و عقیدے کا حصہ ہے تو ان کی تاریخ کے دردناک واقعات پر علمی گفتگو سے گریز کیوں؟ اگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اہلِ بیت علیہم السلام سے مودّت کا حکم قرآن نے دیا ہے تو ان کے مصائب کی تحقیق اور تذکرے کو نظرانداز کیوں کیا جائے؟

اور اے اہلِ عزا! حضرت محسن علیہ السلام کی یاد کو صرف ایک مجلس، ایک مرثیے اور چند آنسوؤں تک محدود نہ رکھیے۔ اس نام کو مظلوم بچوں کے تحفظ، تاریخی انصاف، علمی بیداری اور ظلم کے خلاف صدائے احتجاج کا عنوان بنائیے۔

یومِ محسن، یومِ اطفال! یہ صرف دو ناموں کا اجتماع نہیں؛ یہ تاریخ کے ایک مظلوم معصوم کی یاد اور آج کے تمام مظلوم بچوں کے حق میں ایک مشترکہ احتجاج ہے۔ یہ دنیا کے ضمیر سے سوال ہے، عالمِ اسلام کے سامنے دعوتِ فکر ہے اور اہلِ بیت علیہم السلام کے چاہنے والوں کے لئے تجدیدِ عہد کا دن ہے۔

حضرت محسن علیہ السلام کو یاد کرو، مظلومیت کو فراموش نہ کرو؛ بچوں کے آنسو پونچھو، تاریخ کے سوالات سے نظریں نہ چراؤ؛ اور عدل و انصاف کی آواز ہر مظلوم کے لئے بلند کرو۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha